بیرسٹر سیف

پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ ترامیم میں برابر کی شریک ہے،بیرسٹر سیف

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ ترامیم میں برابر کی شریک ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پیکا ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا ہے اور صدر زرداری کے دستخط کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون بنا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہاکہ پیپلز پارٹی ایکٹ کی مخالفت کر کے دوغلے پن کا مظاہرہ نہ کرے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں پارٹیاں ملک میں کالے قوانین کے نفاذ کی برابر ذمہ دار ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دونوں جماعتوں نے مل کر ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کو اپنے کرتوتوں کا ذمہ دار ٹھہرائیں گی۔