پیپلز پارٹی

پیپلز پارٹی نے سندھ میں ‘بے نظیر مزدور کارڈ’ کا اجرا کردیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ورکرز ویلفیئر فنڈز کی وصولی فوری طور پر روکنے کی ہدایت کرے اور اب تک جمع کیے گئے فنڈز حکومت سندھ کو منتقل کیے جائیں۔

وزیراعلی ہاوس میں محکمہ لیبر کے زیر اہتمام بے نظیر مزدور کارڈ کی تقسیم تقریب کے دوران بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ بے نظیر مزدور کارڈ سے متعدد سہولیات میسر ہوں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ‘بے نظیر مزدور کارڈ’ کا آغاز کر کے مزدور ڈے منارہی ہے جس کے تحت کارکنان تعلیم ، صحت ، شادی سے متعلق گرانٹ، مالی اعانت، وظائف جیسی تمام ضروری فوائد اور سہولیات حاصل کرسکیں گے۔

تقریب میں وزیراعلی مراد علی شاہ، صوبائی وزرا، صنعتکار، مزدور رہنماں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے پاکستان تحریک انصاف حکومت اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین ہونے والے معاہدے پر تنقید کی اور کہا کہ اس نے صنعتی نمو کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی نمو روکنے سے روزگار کے مواقع سکڑ جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آج ہزاروں مزدوروں کو بے روزگار کردیا گیا کیونکہ صنعتی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بے نظیر مزدور کارڈ لانچ کرنے پر صوبائی حکومت کو مبارکباد پیش کی اور وزیراعلی کو ہدایت کی کہ وہ اس کی سہولیات میں مزید اضافہ کریں۔