اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن منی بجٹ کو پہلے ہی مسترد کرچکی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کے بعد منی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 73 کے مطابق مالی بل قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی نقل سینیٹ میں پیش کی جاتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ حکومت اب آرٹیکل 73 کی تشریح اپنی مرضی کے مطابق کرے گی، کیا 600 ارب روپے سے زائد منی بجٹ پر سینیٹ کو بائے پاس کیا جائے گا؟۔
سینیٹر شیری رحمان اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بے ساکھیوں پر کھڑی تباہی سرکار سینیٹ میں فنانس بل پر بات نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن منی بجٹ کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہے، منی بجٹ سے مہنگائی سے پریشان عوام پر مزید بوجھ ڈالا جارہا ہے۔