کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور کرپشن کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس جمع کروانے کے باوجود کراچی کے ساتھ دشمن رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں کے فور منصوبہ میں صرف 3.2 ارب روپے رکھے گئے جبکہ 40 ارب روپے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ میئر مرتضی وہاب جواب دیں کہ نالوں کی صفائی کیوں نہیں کروائی گئی، واٹر بورڈ میں کرپشن کا ایک دھندا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں باعزت ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے اور گزشتہ دو ماہ میں 52 ہزار سے زائد چالان کیے گئے ہیں۔ منعم ظفر نے کہا کہ غلام نبی میمن اعلان کررہے ہیں کہ اگر جرمانہ ادا نہیں کیا گیا تو ڈبل کردیا جائے گا، اگر 90 دن میں جرمانہ ادا نہیں کیا تو لائسنس منسوخ کردیا جائے گا اور 180 دنوں میں جرمانہ ادا نہیں کیا تو شناختی کارڈ بلاک کردیا جائے گا۔