اعجاز شاہ

پیپلز پارٹی اور (ن) نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،ملک میں کوئی بھی ارادہ ٹھیک نہیں ،سب تباہ ہوگئے ہیں ،اعجاز شاہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ،ملک میں کوئی بھی ارادہ ٹھیک نہیں ،سب تباہ ہوگئے ہیں ، نوازشریف بیماری کا بہانہ لگا کر با ہر گئے ، جہاز میں بیٹھتے ہی بیماری ٹھیک ہوگئی ،فوج اور ملک کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو گی ۔

خواجہ اویس ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں ایوارڈز دینے کی تقریب میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی خصوصی طورپر شرکت کی۔وزیر داخلہ نے فاؤنڈیشن کے عہدیداران میں ایوارڈز تقسیم کیے اور فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیر داخلہ نے فاؤنڈیشن کے زیر انتظام چلنے والے مریم ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات معائنہ کیا ۔

وزیر داخلہ نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا وفاقی وزیر داخلہ کو خواجہ اویس ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے روایتی پگڑی بھی پہنائی گئی ـخواجہ اویس ویلفیئر فاؤنڈیشن کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ رضائے الٰہی کے حصول کیلئے انسانیت کی خدمت ضروری ہے ـ وزیر داخلہ نے کہاکہ انصاف کے بغیر قومیں اور ملک ترقی نہیں کرتے ۔

انہوںنے کہاکہ اس ملک کے خلاف 1947 سے سازشیں شروع ہوگئیں تھی جب ملک پاکستان بنا تھا ـ انہوںنے کہاکہ کشمیر سازش کے تحت بھارت کو دیدیا گیا ـ انہوںنے کہاکہ ملک کے خلاف ابھی بھی سازشیں جاری ہیں ـ وزیر داخلہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور (ن) نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ـ انہوںنے کہاکہ این اے118 کے حلقہ جو 4 ارب روپے کے فنڈز ملے وہ کہاں گئے ہیں ،انہوںنے کہاکہ ملک میں کوئی بھی ارادہ ٹھیک نہیں ہے سب تباہ ہوگئے ہیں ،ابھی ایک ادارہ بچا ہوا ہے وہ ہے صرف افواج پاکستان ـ

وزیر داخلہ نے کہاکہ وہ آدمی جس کو میں نے آپ کو تین دفعہ وزیر اعظم بنایا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ بیماری کا بہانہ لگا کر باہر گئے ہیں ابھی جہاز میں بیٹھے تھے کہ ان کی بمیاری ٹھیک ہوگئی اور وہ ملک پاکستان کے خلاف جو بول رہے ہیں وہ انڈیا کی زبان بول رہے ہیں ـ وزیر داخلہ نے کہاکہ 2005 سے پہلے ننکانہ کی عام کو کسی نے کچھ دیا ہے یہ بتائو انہوںنے کہاکہ پینے کیلئے صاف پانی اور سڑکیں بھی نہیں بنی تھی ـ

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ فوج اور ملک کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو گی ـ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی ایما پر پاکستانی فوج کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک اور فوج کے خلاف کوئی احتجاج نہیں ہوگا ۔