لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اقتداد میں آئی تو تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے،پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے لیڈروں نے ورکرز سے زیادہ قربانیا ں دی ہیں اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ،بلاول بھٹو میں ایسی قائدانہ صلاحیتیں ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے صدور اور سینئر رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زردای کے دورہ لاہور کے بعد پارٹی مزید مضبوط اور متحرک ہوگئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سپارٹی صدور اور سینئر رہنما گھر میں نہ بیٹھیں بلکہ پارٹی ورکروں کے پاس جا کر ان کے مسائل حل کریں۔انہوں نے کہا کہ میں گورنر ہائوس میں بیٹھنے کے لئے گورنر نہیں بنا بلکہ پنجاب کی ہر گلی گلی اور محلے محلے میں جاکر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پہنچائوں گا۔انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح پارٹی کے ناراض کارکنوں کے گلے شکوے دور کر کے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ پارٹی کے استحکام کے لئے ہر جگہ آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے 24گھنٹے آپ لوگوں کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سے بڑھ کر کوئی جماعت نہیں جس نے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے آواز بلند کی ہو۔