سردار سلیم حیدر خان

پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ،اسے پروان چڑھتا دیکھنا چاہتی ہے’ سردار سلیم حیدر خان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور اسے پروان چڑھتا دیکھنا چاہتی ہے۔

ایک ذمہ دار میڈیا نہ صرف معاشرے کے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ جمہوری اقدار کو بھی فروغ دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی فیک نیوز کے تدارک کے لئے طریقہ کار ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے وفدسے ملاقات کے دروان کیا جنہوں نے صدر سی پی این ای کاظم خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل اور سیاسی استحکام میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیکا قانون پر سٹیک ہولڈر سے مشاورت ضروری ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں فیک نیوز کا تناسب بہت کم ہے تاہم سوشل میڈیا پر فیک نیوز ایک بہت بڑا مسلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے تدارک کے لیے طریقہ کار ہونا چاہیئے جس کے لئے صحافی حضرات کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ 2008 سے 2013 کے درمیان پیپلز پارٹی نے میڈیا ٹرائل کا سامنا کیا اس کے باوجود پیپلز پارٹی نے آزادی رائے پر کسی قدغن کی حمایت نہیں کی۔

اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو پیکا ایکٹ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔وفدنے پیکا ایکٹ میں ترامیم پر سٹیک ہولڈر کی مشاورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ فیک نیوز پر قابو پانا ضروری ہے، لیکن پیکا ایکٹ کے غلط استعمال پر تحفظات ہیں۔ وفد نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ پیکا ایکٹ عام شہریوں کے خلاف بھی استعمال ہو رہا ہے۔

وفد میں ایاز خان سینیئر نائب صدر، صدر فری میڈیا کمیٹی ارشاد عارف، غلام نبی چانڈیو سیکرٹری جنرل، تنویر شوکت ڈپٹی سیکرٹری جنرل، اعجاز خان، وقاص طارق اور دیگر عہدیداران شامل تھے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے سی پی این ای کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد بھی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔