لاہور (رپورٹنگ آن لائن)حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے اپنے اہم بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نمبر ون وزیراعلیٰ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی کام برق رفتاری سے ہورہے ہیں، پنجاب کی ترقی کی اسپیڈ تمام صوبوں سے زیادہ ہے۔حسان خاور نے کہا کہ پنجاب کے تمام علاقے بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں سے مستفید ہورہے ہیں، بزدار حکومت نے ن لیگ کی طرح صرف مخصوص علاقوں پر نہیں بلکہ پورے پنجاب کی ترقی پر زور دیا ہے۔حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ بغیر فوٹو شوٹ کے بہترین کارکردگی سے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم اور قوم کے دل جیت لیے ہیں، لیکن اپوزیشن پرفارمنس پر نہیں بلکہ سازشوں پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ کراچی کیساتھ سوتیلوں والا سلوک کیا، کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت نے کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔حسان خاور کا کہنا ہے کہ اہل کراچی نے پیپلزپارٹی کو مسترد کردیا ہے اس لیے کراچی والوں سے منافقوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، پیپزپارٹی اندرون سندھ تک سکڑ کر رہ گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اگلے الیکشن میں پی پی مزید سکڑ کر لاڑکانہ تک محدود ہوجائے گی، پی ٹی آئی حکومت نے اہل کراچی کے زخموں پر مرہم رکھا، 11 سو ارب کے پیکیج سے پی ٹی آئی حکومت کراچی کی تقدیر بدل رہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ وزیراعظم عمران خان کا کراچی کی عوام کیلئے بڑا تحفہ ہے، ادھر نواز شریف کی طرح انکے ڈاکٹر بھی سچ بولنے سے قاصر ہیں۔انکا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس جھوٹ کا پلندہ ہیں، بچہ بچہ جانتا ہے نواز شریف کی بیماری کی حقیقت کیا ہے، اس وقت نہ تو نوازشریف واپس آنا چاہتے ہیں تاکہ جیل کا سامنا نہ ہو، اور نہ ہی شہباز شریف ان کو واپس لانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود کھل کے کھیل سکیں۔
ترجمان حسان خاور نے مزید کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لا کر رہے گی، عوام اور اشرافیہ کے لیے دو مختلف قانون نہیں ہو سکتے۔