اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پیپلزپارٹی نے موبائل فون کالز پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ فون کالز پر ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے سے مزدور طبقے میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے،موبائل فون کالز پر ٹیکس عائد نہ کرنے کا اعلان کر کے پھر ٹیکس نافذ کرنا یوٹرن ماسٹر حکومت کا ایک اور یوٹرن ہے ۔
نیربخاری نے مزید کہا کہ موبائل فون کالز پر ایف ای ڈی کا برائے راست اثر غریب طبقے پر ہوگا، ملک کے غریب طبقے کے پاس موبائل کال کرنے کے لئے واٹس ایپ یا سمارٹ فون نہیں ہے ۔نیربخاری نے کہا کہ لوگوں کو ایک وقت کی روٹی پر لانے والی بے رحم حکومت عوام الناس سے رابطے بھی چھیننے کے درپے ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نافذ کیا گیا تو 5منٹ کی کالز ایک روپے 97پیسے کی بجائے 2روپے 72پیسے کی ہوجائے گی۔
نیربخاری نے کہا کہ حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے سے اہل خانہ سے دور مزدور، گارڈز، چوکیدار، ڈرائیورز اور یومیہ اجرت کمانے والے لوگوں پر بوجھ بڑےگا۔حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف نہیں دے سکی تو کم سے کم مزید بوجھ تو نہ ڈالے،حکومت فون کالز پر عائد ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس لے۔