پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم عہدوں سے استعفے مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئے

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سے علیحدگی کے فیصلے پر مرحلہ وار عملدرآمد شروع کر دیا، سینیٹر شیری رحمن ،راجہ پرویز اشرف اور قمرالزمان کائرہ کے پی ڈی ایم عہدوں سے استعفے مولانا فضل الرحمن کو بھجوا دیئے۔پیپلز پارٹی کا پی ڈی ایم عہدوں سے استعفوں کا معاملہ، چیئرمین بلاول بھٹو کی تحریری منظوری کے بعد پیپلز پارٹی نے استعفے مولانا فضل الرحمن کی رہائشگاہ پر بھجوا دیئے۔

سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری کے ذریعے استعفے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر پہنچائے گئے ہیں۔طاپوزیشن اتحاد کی اہم جماعت مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا پیپلز پارٹی کے پی ڈی ایم سے علیحدگی کے اعلان سے متعلق کہنا تھا کہ جو جماعت اتحاد کا اعتماد کھو بیٹھے، میری نظر میں اس کی کوئی گنجائش نہیں، فیصلہ پی ڈی ایم جماعتیں کریں گی، وہ جماعت اتحاد میں نہیں رہنا چاہتی تو پھر ان کا اپنا راستہ ہے اور ہمارا اپنا راستہ ہے، ہمارا مقصد نظام کی تبدیلی ہے۔