پیپلزپارٹی نے سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کی،گورنر پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کی،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے تو پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کی۔

پیپلزپارٹی تو کبھی بھی سیلاب پر سیاست نہیں کرنا چاہتی۔ پولیس افسران اور جوانوں کی تنخواہوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ، ،کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا خاتمہ کرنے کیلئے پنجاب اور سندھ پولیس کو مل کر کارروائی کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب میں ٹریننگ پر آئے سندھ پولیس افسران کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس نے شہریوں کو امن و امان اور محفوظ ماحول دینے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ،ہم پولیس کے شہید جوانوں کی قربانیوں نہیں بھول سکتے ،سندھ اور پنجاب بڑے صوبے ہیں جہاں پولیس کو ہر وقت چیلنجز کا سامنا رہتا ہے ،عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں مجرموں کو پکڑنا بہت آسان ہو گیا ، پولیس کو سیاست سے بالا تر ہو کر عوامی منشور پر عمل پیرا رہنا چاہئے ،محکمہ پولیس میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے ۔

پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں پولیس سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینش میں خاطر خواہ اضافہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرائمز کی شرح میں کمی آنا پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی ہے ،سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے مگر امن و امان کی صورتحال میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،جمہوریت میں سب کو مل کر آگے چلنا ہوتا ہے ۔کوئی چیز بھی حرف آخر نہیں ہوتی سب کی مشاورت سے میں بہتری ہوتی۔