اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی نے آئی ایم ایف کی شرائط پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں مزید مہنگائی کا خدشہ ظاہر کردیا۔ اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو سیلز ٹیکس اور ریگیولیٹری ڈیوٹیز بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، آئی ایم ایف کی جانب سے سالانہ ٹیکس ہدف 63 کھرب کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے، پاکستان ایک خودمختار ملک ہے، آئی ایم ایف کیسے ڈکٹیٹ کر سکتا ہے؟ آئی ایم ایف کی تجاویز پر پیپلزپارٹی کو تشویش ہے۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی آئی ایم ایف کی ان تمام شرائط کو مسترد کرتی ہے، آئی ایم ایف کی ان ڈکٹیشن پر عملدرآمد کیا گیا تو ملک میں مہنگائی کے سونامی کو آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی عروج پر ہے، غریب طبقہ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہے، سلیز ٹیکس اور ریگیولٹری ڈیوٹیز بڑھائی گئیں تو عوام سڑکوں پر ہوگی۔