بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی دوستوں پر نہیں صرف جیالوں پر بھروسہ کرے گی،بلاول بھٹو

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی دوستوں پر نہیں اب صرف جیالوں پو بھروسہ کرے گی، ہم اپنے دوستوں سے مطالبہ کریں گے کہ عثمان بزدار اور عمران خان کیخلاف عدم اعتماد لے کرآئیں،

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ دوستوں نے کہا کہ لانگ مارچ استعفے کے بغیر نہیں ہوسکتا،دوست جس بات پر پیپلزپارٹی سے الگ ہوئے وہ ہی اپنے ووٹ کا استعمال کریں اور استعفی دے دیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اقلیت کی حکومت ہے اکثریت کی نہیں، موجودہ وزیراعظم نے ملک کے ہر شہری کو تکلیف پہنچائی ہے، ہماری اور عمران خان کی معاشی پالیسی میں واضح فرق ہے،ہم نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں بھی 120فیصد اضافہ کیا،ہمارے دور حکومت میں پوری دنیا میں معاشی بحران تھا لیکن پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے دوران عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔

پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے د وران تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا، انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھردینے کاوعدہ کیا تھا،روزگار دینے کے بجائے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا،انہوں نے گھر بنانے کے بجائے لوگوں سے ان کی چھت چھین لی،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہو رہی ہے،

آج ملک بے روزگاری اور مہنگائی بڑھتی جارہی ہے،پیپلزپارٹی نے عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے تھے لیکن آج عوام مشکل میں ہیں، دواں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا، بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہرصوبے کو اختیارات دیئے ، آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے عوام رو رہے ہیں۔