اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی لیڈر شپ نے مشترکہ ردعمل دیا ہے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ 4 وزرائے خزانہ بدلنے کے باوجود پیٹرول، ڈالر، قرضے اور مہنگائی اوپر جارہی ہے، مہنگائی اور غربت کا نیا طوفان آنے والا ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا ہے کہ اوگرا نے پیٹرول ایک روپیہ مہنگا کرنے کی سفارش کی اور سلیکٹڈ نے 5 روپے کر دیا۔
حسن مرتضی نے مزید کہا ہے کہ خودکشیوں اور جرائم کی تعداد میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، عمران اور بزدار کی کارکردگی میٹنگز، بیانات اور دوروں تک محدود ہے۔ اس ضمن میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کا کہنا ہے کہ ملک کا مجموعی قرضہ ساڑھے 38 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ شہزاد سعید چیمہ نے مزید کہا ہے کہ گردشی قرضے 2200 ارب سے تجاوز کر گئے ہیں، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔