محمدزبیر 13

پیٹرول کی قیمت عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے، حکومت نے عوام کیلیے کیا قربانی دی؟،محمدزبیر

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے، حکومت نے عوام کیلیے کیا قربانی دی؟حکمران اپنی مراعات اور اخراجات میں کمی کریں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت نے عوام پر پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے اضافے کا بوجھ ڈال دیا، پیٹرول کی قیمت خصوصا موٹر سائیکل سواروں کی استعداد سے باہر ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر حذیفہ رحمان کہہ رہے کہ اگر قیمت نہ بڑھاتے تو ذخیرہ اندوزی شروع ہوجاتی ہے تو میرا کہنا ہے کہ اسے روکنا تو حکومت کا کام ہے۔محمد زبیر نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ یہ بتاتی کہ وہ اپنے پروٹوکول میں کتنی کمی کررہے ہیں، ساری قربانی عوام سے لی جارہی ہے انہوں نے اپنی مراعات میں کیا کمی کی ہے؟۔محمدزبیرنے کہاکہ پنجاب حکومت کے لگژری طیارے کے صرف دو پائلٹوں کی تنخواہ 35،35ہزار ڈالر ہے، اس کے علاوہ طیارے کی مینٹی ننس میں 90 کروڑ روپے لگیں گے۔ہر چیز آئی ایم ایف پر ڈال دی جاتی ہے ان حکمرانوں میں عوام کو قائل کرنے یا ریلیف دینے کی صلاحیت ہی نہیں، پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں تو لیوی کیوں بڑھا رہے ہیں؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیائے خوردو نوش سمیت سب کی قیمتیں بڑھیں گی، حکومت کو چاہیے اپنے اخراجات میں کمی کرے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔محمد زبیرنے کہاکہ ٹیکسز 300 فیصد سے زائد بڑھ گئے ہیں مڈل کلاس طبقہ کہاں سے برداشت کرے گا؟ معیشت کا حل اگر آئی ایم ایف ہی ہوتا تو اب تک 25 پروگرام نہ ہوچکے ہوتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں