اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے۔
معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں، گزشتہ ایک برس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 85 فیصد بڑھی ہیں، گزشتہ ماہ تیل کی قیمتیں دس فیصد بڑھیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پہلے ہی تیل پر ساڑھے 10 فیصد سیلز ٹیکس اور 5 روپے پیٹرولیم لیوی لے رہی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک سال میں 85 فیصد بڑھی ہیں، پاکستان میں ایک سال میں قیمتیں صرف 20 فیصد بڑھی ہیں، پاکستان میں خطے کے ممالک کے مقابلے میں پیٹرول اب بھی سب سے سستا ہے، اپوزیشن انٹرنیشنل مسئلے پر پروپیگنڈا کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے پوری دنیا متاثر ہوئی ہے، پاکستان واحد ملک ہے جہاں اس مسئلے پر سیاست کی جارہی ہے۔