اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سنگین حالات کے اثرات میں سے ایک ہے۔اپنے ایک بیان میں مشرف زیدی نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے اور خطے میں دیگر برادر ممالک پر حملوں کی وجہ سے سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔
مشرف زیدی نے یہ بھی کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سنگین حالات کے اثرات میں سے ایک ہے، وزیر اعظم نے وسائل کے تحفظ اورپبلک سیکٹر میں کفایت شعاری کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث کفایت شعاری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا آئندہ 2ماہ کے لیے سرکاری محکموں کی گاڑیوں کو ملنے والے ایندھن میں 50 فیصد کمی کی جارہی ہے جس سے ایمبولینسز اور عوامی استعمال کی بسیں مستثنیٰ ہوں گی۔
وزیر اعظم کے مطابق آئندہ دو ماہ کے لیے تمام سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کی جارہی ہیں، جبکہ کابینہ کے تمام ارکان، وزرا، مشیر، معاونین رضاکارانہ طورپر2 ماہ کی تنخواہ نہیں لیں گے اسی طرح ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں بھی 25 فیصد کٹوٹی کی جارہی ہے۔









