پیٹرولیم کی قیمتوں

پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ،سندھ میں لاک ڈائون کا فیصلہ منظورقبول نہیں’آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے اورسندھ میں لاک ڈائون کے فیصلے کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے اقدامات تاجروں کو اپنے کاروبار پر تالے لگانے پر مجبور کر رہے ہیں ، پیٹرولیم کی قیمتوںمیں مسلسل اضافہ منی بجٹ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے ہر شعبے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، حکومت اپنا خسارہ پورا کرنے کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ، مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز میںکمی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بد ترین مہنگائی سے عوام کی کمرٹوٹ چکی ہے اور عوام دو سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں فی الفور کمی کر کے انہیں منجمد کرے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں کورونا وباء کو جوازبنا کر لا ک ڈائون کرنے کے فیصلوں میں سولو فلائٹ کی بجائے مشاورت کریں ۔ کاروبار بند کر کے تاجروں اور معیشت کا گلہ گھونٹنے کی بجائے ویکسی نیشن اور ایس او پیز پر عملدر آمد پر توجہ دی جائے کیونکہ ساری دنیا اسی فارمولے پر عمل پیرا ہے ۔