لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت ، اوگرا سمیت دیگر فریقین کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کروانے کے لیے مہلت دے دی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اپنا طریقہ کار (میکنزم)بھی عدالت کے روبرو پیش کرے۔عدالت کو بتایا گیا کہ جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو چیلنج کیا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ اضافہ عوام پر بلاجواز مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت، اوگرا اور دیگر متعلقہ فریقین کو آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔









