اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 16 اکتوبر 2024 سے ڈیزل کے لیے 10.25 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل فی الحال 15 اکتوبر کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو جمع کرانے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کر رہا ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں 3.95 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے تک اضافہ ہوسکتا ہے۔اوگرا قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ کا جائزہ لے گا اور حتمی منظوری کے لیے ورکنگ پیپر حکومت کو بھیجے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے منظوری کے بعد وزارت خزانہ نظرثانی شدہ قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی۔اوگرا کی جانب سے تیل کمپنیوں اور پیٹرول پمپس کے منافع کو بڑھانے کے لیے تجویز کردہ قیمتوں میں متوقع اضافے کا تخمینہ 2.75 روپے فی لیٹر اضافہ ہے۔اس اعتبار سے پیٹرول 247.03 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 250.98 روپے فی لیٹر، ڈیزل 246.29 روپے سے 256.54 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 154.90 روپے سے بڑھ کر 162.75 روپے فی لیٹر اور ایل ڈی او 140.90 روپے سے 149.23 روپے فی لیٹر ہوجائے گا۔