اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی قیمتوں میں مزید کمی کیلیے کوششیں جارہی ہیں، عالمی منڈی میں پیٹرولیم نرخ کم ہونے پر ایک بار پھر پیٹرول کے بجائے بجلی سستی کریں گے۔
اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی سے قوم کو ہرشعبے میں فائدہ پہنچے گا جس میں مزید کمی کے لیے کوشش کی جارہی ہے امید ہے کہ چند ماہ میں مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں حال ہی میں کمی واقع ہوئی ہے اس کا دیرپا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے، تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، جلد ایک آپشن بناکر لائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایک آپشن تو یہی ہے کہ آج سے چند ہفتے پہلے تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی تھی لیکن ہم نے پیٹرول کی قیمت کم نہیں کی بلکہ اسے پی ڈی ایل میں لے گئے تاہم ہم نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے اس کے عوض بجلی کے نرخ کم کردیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح عالمی سطح پر پیٹرول کی جو مزید قیمتیں کم ہورہی ہیں اس کے لیے ہم پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ اس کا بھی فائدہ بالآخر ہماری معیشت اور ہمارے عوام کو پہنچے۔انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس قائم کی اس ٹاسک فورس نے میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سخت محنت کی جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔