لاہور(رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوںکی وجہ سے چھوٹا تاجر اور کمزور طبقات مشکلات کا شکار ہیں،مہنگائی کے رجحان اور قوت خرید نہ ہونے سے ہر طرح کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک ہم عالمی مالیاتی اداروںکے چنگل سے چھٹکارا حاصل نہیں کرتے ہم اپنے فیصلے کرنے میں خود مختار نہیں ہو سکتے ۔ تمام سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں اور ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے غیر ضروری اخرات میں کمی اور معیشت مضبوط ہو.
اب عوام سے مزید قربانی مانگنے کی بجائے اشرافیہ سے قربانی لی جائے اور پیٹرولیم او ربجلی کی قیمتیں بڑھاتے ہوئے پسے ہوئے طبقات کی الگ کیٹگری ہونی چاہیے اور ان پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں نے چھوٹے تاجروں اور کمزور طبقات کی راتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں ، لوگ آج بھی ادھار پکڑ کر اور گھروں کی اشیاء بیچ کر بجلی کے بل اتارنے پر مجبور ہیں۔