خرم شیرزمان

پیسوں کی بات آنے پر لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے، خرم شیرزمان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول پارٹی چیئرمین کی بجائے کسی این جی او سربراہ لگ رہے ہیں، جہاں پیسوں کی بات آتی ہے لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے۔جمعرات کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول نے سندھ کی عوام کے کروڑوں روپے دورے پر ضائع کیے۔

بلاول زرداری پارٹی چیئرمین کی بجائے کسی این جی او سربراہ لگ رہے ہیں،18ویں ترمیم کا بھاشن دینے والے ٹینٹ اور راشن دینے کی حیثیت نہیں رکھتے۔سندھ کی عوام کے کروڑوں روپے ضائع کرنے والے بلاول صرف یہ بتانے کے لیے دورے کررہے ہیں کہ وفاقی حکومت نے پیسے نہیں دیے، بلاول کو واضح کردیں کہ یہ پیسہ ان کا نہیں سندھ کے عوام کا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جہاں پیسوں کی بات آتی ہے تو لشکر زرداری کی رال ٹپک جاتی ہے، اگر ایک ڈویژن کے لوگوں کی بھی صحیح طرح سے مدد نہیں کرسکتے تو خدارا سندھ کی جان چھوڑ دیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ ٹینٹ اور راشن کے نام پر سندھ کے غیور عوام کی تذلیل کی جارہی ہے، بلاول زرداری سندھ کے لوگوں میں نفرتوں کا بیج بو رہے ہیں، سندھ حکومت نے سندھ میں ہیلتھ کارڈ دینے کی مخالفت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ18ویں ترمیم زرداری گروپ کے لیے سندھ لوٹنے کی ترمیم ہے، بلاول جتنا شور مچائیں ان کی حکومت کو وفاق براہ راست پیسے نہیں دے گا، وفاق براہ راست سندھ کے عوام پر پیسہ خرچ کرے گا۔