پیراگون اسکینڈل کیس

پیراگون اسکینڈل کیس ، وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی طبیعت خراب، آن لائن بیان ریکارڈ نہ ہوسکا

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پیراگون اسکینڈل کیس میں مقدمہ کے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی طبیعت خراب ہونے کے باعث آن لائن بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں پیراگون اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، جہاں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالتی حکم پر پراجیکٹر کے ذریعے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کا آن لائن بیان ریکارڈ کرنے کیلئے رابطہ کیا گیا جبکہ تفتیشی افسر زاور منظور گواہ کے گھر پر موجود رہے،عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ قیصر امین بٹ بے ہوش ہے اور بیان ریکارڈ کرانے کی حالت میں نہیں جبکہ انکا بیٹا پاس ہے،اس موقع پر وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی حاضری بذریعہ اسکائپ لگائی گئی لیکن بیان ریکارڈ نہ ہوسکا۔

اس موقع پر ملزمان کے وکیل چوہدری نواز نے بتایا کہ وکیل امجد پرویز پانچ ستمبر تک دستیاب نہیں،اشتر اوصاف اسلام آباد عدالت میں مصروف ہیں،جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے ٹرائل نہیں چلنے دینا،آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیانات پر جرح نہ کرنے پر ملزمان کا جرح کا حق خود بخود ختم ہو جائے گا۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت چھبیس اگست تک ملتوی کرتے ہوئے قیصر امین بٹ کا ویڈیو لنک کے ذریعے بیان دوبارہ قلمبند کرنے کا حکم دے دیا۔