ہمایوں اختر خان 20

پیداواری لاگت میں کمی ،کسان کی مشکلات کم کرنے کیلئے طویل المدت جامع پالیسی نا گزیر ہے’ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ صنعت اور معیشت کی ترقی زراعت سے جڑی ہوئی ہے اس لئے پیداواری لاگت میں کمی اور کسان کی مشکلات کم کرنے کیلئے طویل المدت جامع پالیسی نا گزیر ہے ، دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ہنر کے ذریعے قومی دھارے میں شامل کیا جائے ، عوام سے وعدہ ہے این اے 97 کو پنجاب کا مثالی حلقہ بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقے کے طویل دورے کے دوران علاقہ عمائدین ، کسانوں اور نوجوانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے واضح کہا کہ ہم حلقے کی محرومیوں کو دور کریں گے ، یہاں کے لوگ ہمارے عزم سے بخوبی آگاہ ہیں ، دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کاوشیں کی ہیں اور اس میں کامیابی بھی ملی ہے ۔

ہم مسائل کے حل کے ساتھ حلقے کی تعمیر و ترقی خصوصاً نوجوان نسل کے لئے منصوبے شروع کرنا چاہتے ہیں ، ہم اپنی کاوشوں سے نجی شعبے کو بھی یہاں لاکر ایک منفرد مثال قائم کریں گے جس سے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس موقع پر حلقے کے مجموعی مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں