اعجاز احمد شاہ

پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں، اعجاز احمد شاہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان خود انسداد منشیات کونسل کی نگرانی کر رہے ہیں ،منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلیجنس آپریشنز پر زور دے رہے ہیں ، بارڈر کنٹرول اولین ترجیحات میں شامل ہے، افغانستان کی معاشی بہتری ہمارے خطے کے لئے اہم ہے، محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے انہیں امداد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ سے کینیڈین ہائی کمشنر ونڈی گلمور اور سویٹزرلینڈ کے ڈپٹی ہائی کمشنر البورٹو گروف نے منشیات کی عالمی پالیسی سے متعلق اہم ملاقات کی جس میں منشیات پر قابو پانے کے لئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا اس حکومت میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر انسداد منشیات کی پالیسی لے کر آئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان خود انسداد منشیات کونسل کی نگرانی کر رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ موجودہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین کام کریں،منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلیجنس آپریشنز پر زور دے رہے ہیں۔

اعجاز احمد شاہ نے کہا تمام ایجینسیوں کی کوارڈینیشن بہتر کرکے نتائج بہتر کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں، بارڈر کنٹرول اولین ترجیحات میں شامل ہے، افغانستان کی معاشی بہتری ہمارے خطے کے لئے اہم ہے، محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے انہیں امداد دی ہے- چاہتے ہیں وہ خود کفیل ہوں، وزیر اعظم عمران خان اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا وزارت انسداد منشیات کی جانب سے ہماری تجاویز کو زیر غور لانے پر شکر گزار ہیں، ہم بھی اس بات پر متفق ہیں کہ انٹلیجنس آپریشن بہتر حکمت عملی ہے، منشیات کا مسئلہ عالمی ہے اور اس کا خاتمہ کرنا ضروری ہے۔سوئس ڈپٹی ہائی کمشنر البورٹو گروف نے کہا امید کرتے ہیں کہ پاکستان میں بھی منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لئے موثر اقدامات ہوں گے۔ ملاقات کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنا کر منشیات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔