شاہد آفریدی

پہلی بار شاہد آفریدی کو 1996 میں نیٹ پر دیکھا تھا ، ہمیں اپنی بولنگ کے علاوہ اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا تھا، وسیم اکرم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو پاکستان کا میگا اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی بار شاہد آفریدی کو 1996 میں نیٹ پر دیکھا تھا اور انہوں نے ہمیں اپنی بولنگ کے علاوہ اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا تھا۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وسیم اکرم نے شاہد آفریدی کے ہمراہ لی گئی اپنی پْرانی تصویر شیئر کی۔وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں نے پہلی بار شاہد آفریدی کو 1996 میں نیٹ پر دیکھا تھا اور نہوں نے ہمیں اپنی بولنگ کے علاوہ اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا تھا۔اْنہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے اس وقت کی تیز ترین سنچری اسکور کی اور ایک بڑے میگا اسٹار بن گئے۔سابق کرکٹر نے کہا کہ شاہد آفریدی کی موجودگی میں پاکستان نے بہت سے میچ جیتے ہیں اور انہوں نے دْنیا بھر سے کافی مقبولیت حاصل کی۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں ان کی زندگی میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل رائونڈر شاہد آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 سے دستبردار ہو گئے ہیں۔گزشتہ روز شاہد آفریدی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ کوشش کر رہے تھے کہ پی ایس ایل اچھے نوٹ پر ختم کرتے مگر پرانی انجری کی وجہ سے بہت مشکل ہوگئی ہے، برداشت کی ہمت ختم ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ دو تین ماہ اپنی ری ہیب کروں گا تاکہ کے پی ایل میں ایکشن میں آسکوں۔