اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پہاڑی سلسلے کسی بھی ملک کی بقاء، ماحولیاتی سلامتی، آبی تحفظ، معیشت اور زرعی نظام کی بنیاد ہوتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ، استحکام اور غیر ضروری کٹائو کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
پہاڑوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عظیم پہاڑی سلسلے ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش ہمارے قدرتی ورثے کی شان، ماحولیاتی توازن کے ضامن اور لاکھوں سال پرانے گلیشیئرز کے ذریعے آبی ذخائر کے اہم محافظ ہیں۔ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلائو، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمان ماحول دوست پالیسیوں، ذمہ دار قانون سازی اور موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششوں کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں بسنے والی برادریوں کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مشترکہ قومی عزم ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں کو ماحول کے تحفظ کی جدوجہد کا مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، صحت مند اور پائیدار مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔









