شازیہ عطا مری

پٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، شازیہ مری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی اطلاعات سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ملک میں عمران نیازی حکومت کی جانب سے پٹرول کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے غریب عوام پر ظلم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم عوام پر مہنگائی کی کارپیٹ بمباری کر رہے ہیں ۔

ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ شازیہ مری نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں بجلی کے بڑھتے ہوئے قیمتوں کے باعث غریب کیلئے ایک عدد بلب بھی روشن کرنا مشکل بن گیا ہے جبکہ نالائق حکمرانوں کو ادراک نہیں کہ پٹرول، گیس اور بجلی مہنگی کرنے سے ہر چیز مہنگی ہوتی ہے ۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار نے ملک کوانیمل فارم ہاوس بنا دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری عوام کو مشکلات سے نجات دلائیں گے اور عوام پیپلز پارٹی اور دیگر حکومتوں کا موازنہ کریں۔