مسعود پزشکیان

پٹرول کی قیمت میں اضافہ ضروری ہے تاہم یہ فیصلہ اتنا سادہ نہیں،ایرانی صدر

تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ ضروری ہے، تاہم یہ فیصلہ اتنا سادہ نہیں اور یہ راتوں رات نہیں کیا جا سکتا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی صدر نے شمال مغربی ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان میں سماجی اور ثقافتی شخصیات سے ملاقات کے دوران کہا کہ یقینا پٹرول کی قیمت بڑھائی جانی چاہیے لیکن اگر میں رات کو بیٹھ کر اچانک یہ فیصلہ کر لوں تو کیا جو لوگ اعتراض کریں ان سب کو ماردوں گا؟ ظاہر ہے نہیں۔مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ اس انداز میں مناسب نہیں اور ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اس سے عوام کے لئے مزید مشکلات پیدا ہوں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ہم ایسے فیصلے کرنے کے حق میں نہیں جو شہریوں کی زندگی پر گہرا اثر ڈالیں مگر ان پر غور و مطالعہ اور منصوبہ بندی نہ کی گئی ہو ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کسی بھی تبدیلی کے لیے معاشی ضرورت اور سماجی اثرات کے درمیان توازن رکھنا ضروری ہے۔