کراچی (رپورٹنگ آن لائن)کراچی تاجر الائنس کے چیئر مین ایازمیمن موتی والاکا پٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی اڑان پر احتجاج کا انوکھا انداز ، شہر بھر میں پوری قوم کو ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے پاکستان کی عوام کو گوروں کے لیئے منافع بخش کسٹمر بنا دیا ہے،پڑھے لکھے نوجوان بیروزگا ر گھوم رہے ہیں، مہنگائی بڑھتی جارہی ہے ، پاکستانی ٹیلنٹڈ قوم ہے اس کے باوجود ہمارے ملک کا ایک کاغذ قلم تک ایجاد نہ کرنا اور تعلیم یافتہ لوگوں کا دلبرداشتہ ہو کر ملک چھوڑنا یا خودکشی کرنا لمحہ فکریہ ہے،
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر چند گورے ہمارے حکمرانوں کو اپنی انگلیوں پر نچا رہے ہیں ، جب چاہتے ہیں پٹرول کے نرخ بڑھا دیتے ہیں اور اپنی ہر بات ہمارے حکمرانوں سے منوانے کے لیئے ان کو پپٹ کی طرح نچا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پہلے ہی گندگی، بیروزگاری، پینے کے پانی کی عدم دستیابی، ٹوٹی سڑکیں اور مہنگائی سے پریشان ہیں اوپر سے حکمرانوں نے عوام کو دنیا کے مال کے غلاموں جیسا خریدار بنادیا ہے جس کو مالک اپنی مرضی اور داموں سے اپنی اشیاء فروخت کر رہے ہیں، پاکستانی عوام کو لائنوں میںلگا کر ٹریفک کے رش میں پھنسا کر ذہنی مریض بنا دیا ہے،
انہوں نے کہا کہ عوام کی زندگی میں ایسی تبدیلی آئی ہے کہ اب عوام تبدیلی کے لفظ سے ہی ڈرنے لگے ہیں ہر پندرہ دن بعد پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھ جاتے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے، لاتعداد بحرانوں میں گھری پاکستان کی عوام کے اوپر پٹرول بم گرانا نہایت ظالمانہ اقدام ہے،
اقتدار میں آنے سے قبل پی ٹی آئی والوں کو ساٹھ روپے لیٹر پٹرول بھی مہنگا لگتا تھا جبکہ آج جب پی ٹی آئی کی حکومت ہے تو پٹرول 119روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کے نرخوں میں اضافے کا جھوٹ بول کر آئی ایم ایف کی شرائط مانی جارہی ہیں، ماضی کی حکومتوں کو موردالزام ٹھہرانے سے بہترہے کہ موجودہ حکومت اپنی کارکردگی اور پالیسیوں کو بہتر کرے۔