پٹرولیم مصنوعات

پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 3 ماہ کے دوران 24 فیصد اضافہ ریکارڈ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے سبب تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔آئل انڈسٹری کے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں پٹرول کی کھپت 14 فیصد اضافے سے 23 لاکھ 50 ہزار ٹن رہی۔ جولائی سے ستمبر کے دوران ڈیزل کی کھپت 27 فیصد اضافے سے 20 لاکھ ٹن، اور فرنس آئل کی فروخت 38 فیصد اضافے سے 12 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب صرف ستمبر میں پٹرول کی کھپت 25 فیصد اضافے سے 8 لاکھ ٹن، ڈیزل کی کھپت 50 فیصد اضافے سے 7 لاکھ ٹن اور فرنس آئل کی کھپت 8 فیصد اضافے سے 4 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خدمات کے شعبے میں ترقی اور برآمدات بڑھنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔ دوسری جانب مہنگی ایل این جی ہونے کے باعث فرنس آئل زیادہ درآمد ہوا، یہی وجہ ہے رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں اضافہ ہوا۔