شہباز شریف

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ منی بجٹ کا تسلسل، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، شہباز شریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 14فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے ،

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفی دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے ، عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیںرعایتی نمبرملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں، مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 10روپے سے زائد بڑھانامظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے، ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137روپے 79پیسے ہوگئی ، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟

غریب آدمی مرگیا ہے، کہاں جائے ؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟20ہزار تنخواہ والے کا 10ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟10ہزار تنخواہ پانے والاکیاکھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟قوم کو 46روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 173روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی ، یہ تھی آپ کی صداقت؟

پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟مہنگائی بڑھنے ، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، قوم کو یہ سمجھ آچکی ہے۔