محمد جاوید قصوری 41

پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور بجلی کے بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وزرا اور بیوروکریٹس کے لیے کروڑوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے،اس سے قبل بھی اربوں روپے مالیت کے جہاز خرید کر حکمرانوں نے اپنی ترجیحات واضح کر دی تھیں کہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ اپنی آسائشوں میں مصروف ہیں۔وہ مختلف تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی کے ستائے عوام کو کفایت شعاری کے لیکچر دیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکمران طبقہ قومی خزانے کو بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے۔ مزدور، دیہاڑی دار اور متوسط طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے لیکن حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل کہیں نظر نہیں آتے۔ اشرافیہ کی عیاشیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ملک کے معاشی بحران کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔انہوں نے گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مارکیٹوں میں من مانے ریٹ وصول کیے جا رہے ہیں، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے، نہ کہ ایسے اقدامات کرے جو ان کی پریشانیوں میں اضافہ کریں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ دکھاوے اور ڈنگ ٹپاو جیسے اقدامات درحقیقت عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہیں۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی شاہ خرچیوں کو کم کریں، سادگی اختیار کریں اور قومی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔آخر میں محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے اور اشرافیہ کے غیر ضروری اخراجات روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں