اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات جاری ہیں ، پاکستان پولیو پروگرام افغانستان میں پولیو پروگرام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
بدھ کو وزارت صحت کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط اقدامات جاری ہیں ، والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچے ہر پولیو مہم میں پولیو کے قطرے ضرور پیئیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ وائرس جینیاتی طور پر افغانستان میں پولیو وائرس سے منسلک ہے، پاکستان پولیو پروگرام افغانستان میں پولیو پروگرام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ملک کے 61 اضلاع میں یکم اگست سے پولیو مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے دوران 77 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔