لاہور (رپورٹنگ آن لائن)انسداد پولیو مہم سے بچاؤ کی پانچ روزہ مہم ختم ہونے کے بعد دو دن کیچ آپ ڈے شروع ہونگے۔ہدف کا 96 فی صد مکمل ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے دو دن میں 100 فی صد ہدف حاصل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے اے سیز کو گھروں سے غیر حاضر بچوں اور انکاری گھروں کا خود وزٹ کرنے کا بھی حکم دیا۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور میں کل 20لاکھ 85ہزار 2سو 83بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف تھا اور اب تک کل 20لاکھ 6 ہزار 7 سو 62 بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باقی بچوں کو آئندہ 2روز میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے ہر صورت پلائے جائیں اور شہر سے باہر یا گھروں پر نہ موجود کل 3لاکھ 83 ہزار 8 سو 78بچے ریکارڈ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہر سے باہر یا گھروں پر نہ موجود بچوں میں سے 2لاکھ 10 ہزار 1 سو 45 بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں اور باقی 1لاکھ 73 ہزار 7 سو 33 غیر حاضر بچوں کو دو دنوں کے اندر مکمل کور کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ 308 بچوں کے گھر والوں نے مختلف وجوہات کی بنیاد پر قطرے پلانے سے انکار کیا ہے اور انکار کرنے والوں میں سے 275 کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طبی وجوہات کی وجہ سے 33 بچوں کو قطرے نہیں پلائے جا سکے۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تعاون کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔