وفاقی وزیر قانون

پولیس کے فعال کردار کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا،وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ حکومت عورتوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے، ہماری عدالتوں میں زیر التواءکیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے، ہر شہری سمجھتا ہے کہ وہ حق پر ہے، ہمیں انفرادی طور پر اپنا محاسبہ کرنا ہو گا، جنسی ہراسانی کے واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزا ہونی چاہیے، پولیس کے فعال کردار کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔

بدھ کووفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے پولیس لائن میں تربیتی کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عورتوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی کر رہی ہے، ہماری عدالتوں میں زیر التواءکیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری سمجھتا ہے کہ وہ حق پر ہے، ہمیں انفرادی طور پر اپنا محاسبہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ خواتین بھی کسی مخاصمت میں دوسروں پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام نہ لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چالیس سے پچاس سال میں خواتین کے حقوق میں بہتری آئی ہے، خواتین کے خلاف جنسی تشدد کی روک تھام کےلئے قوانین کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسانی کے واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزا ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے فعال کردار کے بغیر کوئی بھی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نظام انصاف پر بہت نیچے رینک دیا گیاجبکہ اس رینک میں بھارت بہت آگے ہے، لیکن سب آگاہ ہیں کہ بھارت میں کیس کا فیصلہ آنے میں کتنے سال لگ جاتے ہیں۔