اوکاڑہ ( شیر محمد)اوکاڑہ پولیس کے ہونہار اور باصلاحیت پولیس اہلکار محمد عابد نے کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں جوڈو کے مقابلوں میں برونز میڈل حاصل کر کے پنجاب پولیس کا نام روشن کیا ہے۔ محمد عابد کی یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس شاندار کارکردگی پر ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے محمد عابد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر اسپورٹس سیکرٹری لیاقت کو بھی کھیلوں کے فروغ اور اس کامیابی میں کردار ادا کرنے پر شاباش دی گئی۔
واضح رہے کہ محمد عابد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایشین بیچ گیمز میں تیسری پوزیشن اور ورلڈ پولیس گیمز میں چوتھی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں، جس سے انہوں نے ملک کا وقار بلند کیا۔
اوکاڑہ پولیس کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، کیونکہ ایسی کامیابیاں نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں بلکہ پولیس کا مثبت اور پیشہ ورانہ تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں۔
اوکاڑہ پولیس محمد عابد کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہے اور مستقبل میں مزید قومی و بین الاقوامی اعزازات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔









