اوکاڑہ ( شیر محمد)
ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے مشترکہ طور پر ٹریفک انفورسمنٹ ڈرائیو کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کی قیمتی جانوں کو حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔
ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے فیلڈ میں خود شرکت کی، شہریوں میں ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت پر بریفنگ دی اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر ہیوی وہیکلز پر حفاظتی اسٹیکرز بھی چسپاں کیے گئے تاکہ ڈرائیوروں اور مسافروں کو حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے مزید احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جا سکے۔
ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری مہذب قوموں کا شیوہ ہے۔ اوکاڑہ پولیس شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق یہ ڈرائیو آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال، محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی پابندی کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے