مریم اورنگریب 135

پورے پاکستان کو بھوکا کر کے کہتے ہیں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا؟،مریم اورنگریب

اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ”کوئی بھوکا نہیں سوئے گا” کے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پورے پاکستان کو بھوکا کر کے کہتے ہیں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا؟۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کی وجہ سے ہر رات پانچ کڑوڑ بچے اور کل سات کڑوڑ لوگ بھوکے سوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ نے لنگر والے ٹرک کا نہیں ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر کا وعدہ کیا تھا ،عمران صاحب عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کرکہتے ہیں کہ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا؟۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی 3 فیصد سے 17 فیصد پر پہنچا دی اور کہتے ہیں کہ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا؟۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آٹے میں ڈکیتی سے اے ٹی ایمز کے لئے سوا 200 ارب اور غریب عوام کے لئے لنگر کا ٹرک؟،چینی میں ڈکیتی سے اے ٹی ایمز کے لئے 400 ارب اور غریب عوام کے لئے لنگر کا ٹرک؟،ایل این جی میں ڈکیتی سے اے ٹی ایمز کے لئے 122 ارب اور غریب عوام کے لئے لنگر کا ٹرک؟،دوائی میں ڈکیتی سے اے ٹی ایمز کے لئے 500 ارب اور غریب عوام کے لئے لنگر کا ٹرک؟۔

انہوں نے کہاکہ آٹا چینی کھانے پینے کی اشیامہنگی کرکے عوام کے سامنے اب نیا ڈرامہ کررہے ہیں؟،بائیس کروڑ عوام کاحق دینے کے بجائے پندرہ سو کو روٹی کھلا کر اپنی تشہیر کا اس سے بھونڈا اورکوئی ہتھکنڈہ نہیں سوجھا کیا؟ ۔ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ دو کروڑ عوام غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے اور ایک ٹرک؟۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ نے پچاس لاکھ لو گ بے روزگارکردئیے اور لنگر کا ایک ٹرک؟۔انہوں نے کہاکہ کارخانوں اور مزدوری سے روزگار کمانے والوں کو لنگر پر بٹھا دیاگیاہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں