عمر ایوب

پورے پاکستان میں جو مقدمات بنائے گئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں،عمر ایوب

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہم پر پورے پاکستان میں جو مقدمات بنائے گئے ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں، 9 مئی کے مقدمات جعلی اور جھوٹے کیس ہیں، توشہ خانہ کیس میں کچھ ہے ہی نہیں القادر ٹرسٹ کا کیس ہی نہیں بنتا۔

انسداد دہشت گری عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ پورے پاکستان میں صرف 3 اہلکاروں کی وجہ سے یہ سب کچھ ہو رہا ہے، کیسز کا دارو مدار اس بات پر ہے کہ 3 پولیس اہلکاروں نے بھیس بدل کر سازش سنی، تمام کیس بالکل بوگس اور بھونڈے ہیں، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بانی پی ٹی آئی کا کیس سننا چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بری ہو چکے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد علیل ہیں، عالیہ حمزہ پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، پیپلز پارٹی ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور ہیں، کرپشن کا بازار جو پیپلز پارٹی گرم کر رہی ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری تم اور تمھارے وزیر اعلی کان کھول کر سن لو تمھارا یہ فراڈ ساری دنیا نے دیکھ لیا ہے، بلوچستان میں ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کے ساتھ جو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیئے، بانی پی ٹی آئی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت کی مذمت کی ہے، اسماعیل ہانیہ کی شہادت اسرائیل کی بربریت ہے۔