سیف الملوک کھوکھر 76

پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، سیف الملوک کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن )صدر مسلم لیگ (ن) لاہور و ممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں انچارج ترقیاتی امور پی پی 168 بیرسٹر ملک عمیر سیف کھوکھر، شہریوں، پارٹی کارکنان، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی ضامن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی دشمن نے، بالخصوص بھارت نے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر اس کا بھرپور جواب دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت ہر محاذ پر بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ آج کی یہ ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور وطن عزیز کے دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں