پنجاب یونیورسٹی

پنجاب یونیورسٹی, میڈیا کی تعلیم دینے والی پانچ یونیورسٹیوں کے اشتراک سے بین الاقوامی میڈیا کانفرنس کا انعقاد کرے گی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پنجاب یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ، لاہور گیریژن یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، کنئیرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی، نمل اور دیگر اداروں کے تعاون سے ”اظہار رائے میں توازن: عالمی میڈیا ایکو سسٹم میں مخاصمانہ رویوں کی جانچ پڑتال” کے عنوان سے 25 اور 26 مئی کو دو روزہ بین الاقوامی میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز ایچ آئی (ملٹری) کانفرنس کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد، لاہور گیریژن یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل شہزاد سکندر (ر)، نامور تجزیہ کار، اخبارات کے مالکان، صحافی اور شعبہ ابلاغیات کے اعلیٰ ماہرین ہائبرڈ کانفرنس میں دنیا کے مختلف حصوں سے شرکت کریں گے۔ ایک مشترکہ اخباری بیان میں کانفرنس کے منتظمین سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم، ایل جی یو ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونیکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عامر محمود باجوہ، اسسٹنٹ پروفیسر سیماب بخاری، ڈاکٹر ایمن خالد اور دیگر نے کہا ہے کہ جمہوری معاشرے میں اظہار رائے کی آزادی ضروری ہے لیکن کسی بھی قسم کی حدود و قیود سے مبرا مکمل آزادی جارحانہ رویوں کو فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مروجہ اصول اور اقدار تمام مواصلاتی پلیٹ فارمز پر اظہار رائے کی حدود متعین کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی کی عوام الناس تک رسائی نے میڈیا کے مختلف وسائل کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ کانفرنس کے منتظمین نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی کی بدولت صارفین کی میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز تک رسائی اور ان کے کردرار نے سنگین عالمی چیلنجز پیدا کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد قومی اور بین الاقوامی ماہرین تعلیم، پیشہ ور افراد، محققین اور کمیونیکیشن اور میڈیا ڈسپلن سے تعلق رکھنے والے طلباء کو عالمی میڈیا ماحولیاتی نظام میں نئے چیلنجز سے متعلق اپنے علم اور تجربات کا تبادلہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ کانفرنس میں آٹھ ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین شریک ہو رہے ہیں۔