لاہور (زاہد انجم سے) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کونئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ان رہنما خطوط سے واقفیت اور مکمل عملدرآمد کی حکمت عملی کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ایک سیمینار منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ سی ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز اور سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کی۔ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم ودیگرہیلتھ منیجرز سمیت صوبہ بھر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں کے ایڈمنسٹریٹرز نے ویڈیولنک کے ذریعہ بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنزپروفیسر خالد محمود نے شعبہ ایمرجنسی میں بہتر علاج کے لیے جامع گائیڈلائنز فراہم کرنے پرکمیشن کی تعریف کی۔
ڈاکٹر ثاقب عزیز نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ فراہمیِ صحت کے معیارات ہسپتالوں کے دائرہ کار کے مطابق ہنگامی دیکھ بھال کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمیشن کی ٹیموں نے صوبہ کے 28 ہسپتالوں کی ایمرجنسی کے خصوصی معائنوں کے دوران یہ دیکھا گیا کہ زیادہ تر ہسپتالوں میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے انتظامات مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
انہوں نے تین بڑے مسائل اچھاعلاج کرنے کے لیے ذہن سازی نہ ہونے، معیارات کو نافذ کرنے میں نرمی اور طویل مدت تک عملدرآمدکی پائیداری نہ ہونے کی نشاندہی کی۔ڈاکٹر ثاقب عزیز نے مزید کہا کہ علاجگاہوں کو نااہلیوں اور بے حسی کا سامنا ہے جبکہ پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقیات سے غفلت بھی صحت کی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوششوں کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معیارات پر عملدرآمد خدمات کی فراہمی میں بہتری لائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے سے بنائے گئے معیارات پر نظر ثانی کی جا رہی ہے، اور ہسپتالوں کی گریڈنگ بھی شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے شعبہ ایمرجنسی کے لیے طبی ماہرین ودیگرعملہ کی تربیت اورہنگامی حالات میں 24گھنٹے خصوصی دیکھ بھال کی دستیابی پر زور دیا۔سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا اور خدمت کی فراہمی میں موجود خلاء کو پر کرنے اور پی ایچ سی کی تجاویز پر عملدرآمد کروانے کا عزم کیا۔انھوں نے صوبہ بھر کی علاجگاہوں میں علاج معالجہ میں بہتری لانے کے لیے کمیشن کے کام کو سراہا۔ اس موقع پر انھوں صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلاًبتایا۔
پی ایچ سی کے ڈائریکٹرزڈاکٹر مشتاق احمد سلہریااور ڈاکٹر محمد انور جنجوعہ نے گائیڈ لائنز کی نمایاں خصوصیات اور خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ پی ایچ سی نے عصری قانونی تقاضوں اور خطہ کے بہترین طریقہ علاج کو شامل کرتے ہوئے ہسپتال کے ایمرجنسی ماہرین کی مشاورت سے گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دی ہے۔ انہوں نے زمینی حقائق کابھی ذکر کیا جن میں کام کا بوجھ، ہسپتالوں کی گنجائش، بستر کی تعداد،انفراسٹرکچر اور میڈیکل و نرسنگ افراد کی دستیاب تعداد،قابلیت و مہارت بھی شامل ہیں۔