لاہور،کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش کا 44 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، ایئرپورٹ ایریا میں 350 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور تاج پورہ میں دو ہفتے قبل 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پانی اسپتال اور گھروں میں داخل مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق اور 7 دیگر زخمی ہو گئے۔ جبکہ 400سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے جس سے بجلی کا نظاہم معطل ہوگیا، رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
تفصیل کے مطابق پنجاب میں جمعرات کی صبح سویرے سے مون سون بارش کا ہیوی سپیل جاری ہے۔ لاہور میں تیز ہواں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ نشتر ٹاون میں 282 ملی میٹر، اقبال ٹان میں 232، پانی والا تالاب میں 226 ملی میٹر، جوہرٹاون میں 222 ملی میٹر، تاج پورہ اور سمن آباد میں 220 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح لاہور کے قرطبہ چوک 218 ملی میٹر، ناخدا میں 217 ملی میٹر اور فرخ آباد میں 215 ملی میٹر اور گلشن راوی میں 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق لاہورمیں بارش کےدوران مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 دیگر زخمی ہو گئے، نشاط کالونی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جبکہ گھجومتہ میں گھرکی چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 5 افرادزخمی ہوئے۔
ریسیکیو 1122 نے بتایا کہ جوہر ٹاون لاہور میں گھرکی چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے، مزید کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔لاہور میں موسلادھار بارش سے سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں پانی جمع ہو گیا، اسپتال کی ایمرجنسی میں بارش کا پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں بھی موسلادھاربارش ہوئی جبکہ علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش 44 سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ ہے۔ادھر لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارش سے 400 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں، بارش رکتے ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔میرپور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درخت گر گئے ہیں۔ نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ دوسری جانب شہر قائد کراچی اور جڑواں شہروں سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی میں رات گئے بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا۔