حافظ نعیم الرحمن 60

پنجاب کے بلدیاتی قانون پر (کل )سے ریفرنڈم کا آغاز ہوگا’ حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد/لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام کل (جمعرات )15جنوری سے پنجاب کے بلدیاتی قانون پر عوامی ردعمل جاننے کیلئے ریفرنڈم کا آغاز ہوگا ، شفاف اور آزاد ریفرنڈم میں کروڑوں لوگ رائے کا اظہار کریں گے،عوامی رائے کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا شیڈول دیں گے۔

یہ اعلانات امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیے۔ انہوں نے اسلام آباد بلدیاتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے اس کی منسوخی اور وفاقی دارالحکومت میں سابقہ شیڈول کے مطابق پندرہ فروری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا اور آرڈیننس کے خلاف عدالت جانے کا بھی اعلان کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں ریفرنڈم چار روز تک جاری رہے گا۔

چوکوں ، چوراہوں، مارکیٹوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گی۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل ہوگیا۔ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے مرکز اور اضلاع کی سطح پر آزاد ریفرنڈم کمیشن تشکیل دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بااختیار بلدیاتی نظام اور طلبہ یونین کو جمہوریت کی نرسری قرار دیا تاہم اس امر پر افسوس اور خفگی کا اظہار کیا کہ ملک کی نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں میں ایک بھی جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کو بااختیار بنانے کی بات نہیں کررہی۔ ملک میں طلبہ یونین پر پابندی ہے اور بلدیاتی نظام کا وجود تک نہیں۔

انگریز کی تربیت یافتہ افسر شاہی تمام اختیارات پر قابض ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بیوروکریسی عوامی نمائندوں کے ماتحت ہونی چاہیے۔اسلام آباد کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تئیس ہزار درخت کاٹ دیے گئے، دنیا بھر میں ماحولیات کے تحفظ کا واویلا کرنے والا حکمران طبقہ خود ماحول برباد کررہا ہے۔حکومت میں شامل سیاسی پارٹیاں درختوں کی کٹائی پر نورا کشتی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں میں درخت کاٹنے کے ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں جیل بھیجا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے چند سیکٹرز کے علاوہ باقی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، سیوریج کا نظام تباہ حال ہے۔ شہر میں پانی کے مسائل ہیں، پانی سطح زمین سے نیچے جارہا ہے۔ مقامی حکومتوں کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ نئے بلدیاتی آرڈیننس میں اسلام آباد کو تین شہروں میں تقسیم کردیا گیا۔ پنجاب کے بلدیاتی قانون میں لاہور کو ٹاؤن کا درجہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی قانون میں وہ تمام اختیارات شامل کیے جائیں جو آئین کی دفعہ 140اے میں متعین ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ترامیم سے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، ترامیم وہی لارہے ہیں جو فارم سنتالیس لے کر آئے تھے۔ موجودہ مسلط حکمران عوام سے خوفزدہ ہیں۔ پنجاب کا بلدیاتی قانون غیر جمہوری اور آئین سے متصادم ہے۔ پہلے سینٹ اور قومی اسمبلی میں انسانوں کی منڈی لگتی تھی اب غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے ذریعے حکمران خاندان یہ منڈی نچلی سطح تک لے کر جانا چاہتے ہیں۔ پورے کا پورا نظام ہی فرسودہ ہے جسے تبدیل ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی نظام ہی کی تبدیلی کے لیے کوششیں کررہی ہے۔

بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے جدوجہد دراصل نظام تبدیلی کی تحریک کا ہی حصہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، ایران کے عوام کو ورغلایا اور اکسایا جارہا ہے۔ امریکی صدر نے وینزویلا کے صدر کو اغوا کیا۔

روس اور چین کو امریکی غندہ گردی کے خلاف مضبوط موقف اپنانا چاہیے۔ پاکستان کے حکمران ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے پر شرمندگی کا اظہار کریں اور قوم سے معافی مانگیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ کو سیلوٹ مار کر قوم کے وقار کا سودا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غزہ فوج بھیجنا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں