ٹیکس 6

پنجاب کی ٹیکس آمدنی پہلی ششماہی میں 227 ارب 85 کروڑ مقرر

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) صوبہ پنجاب میں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس آمدنی 227 ارب 85 کروڑ روپے تک پہنچ گئی جبکہ صوبے کی مجموعی سالانہ ٹیکس آمدنی کا ہدف 527 ارب 70 کروڑ روپے مقرر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ہدف حاصل نہ کرنے والے محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ بجٹ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں۔

اعداد و شمار کے مطابق توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی کارکردگی انتہائی کم رہی، چھ ماہ کے دوران ان دونوں شعبوں سے صرف 78 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جا سکا جبکہ سالانہ ہدف 9 ارب 70 کروڑ روپے مقرر ہے۔

بورڈ آف ریونیو کا سالانہ ہدف 105 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے تاہم ادارہ پہلی ششماہی میں صرف 35 ارب 69 کروڑ روپے اکٹھے کر سکا۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ ماہ میں 147 ارب روپے جمع کیے، اسی طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپاٹمنٹ نے 70 ارب روپے کے ہدف میں سے 43 ارب 41 کروڑ روپے وصول کر لیے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ مدت میں ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ مقررہ بجٹ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں