شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ صوبے میں ٹیکسٹ بکس اور معاون تعلیمی مواد کی نظرثانی، مسودات وغیرہ کی رجسٹریشن اور ان کے این او سی کے اجرا پر بھاری فیسیں مقرر کر دی ہیں۔
ڈائریکٹر مسودات عبداللہ فیصل کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں ٹیکسٹ بکس اور معاون تعلیمی مواد کی اشاعت کے لئے سکیم آف ڈویلپمنٹ آف بکس اینڈ ایس آر ایم کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

جس کے تحت آئیندہ پبلشرز،پرنٹرز اور مصنفین وغیرہ مختلف درجوں کے عوض رجسٹریشن کی مد میں 10 سے 30 ہزار روپے فی کس ادا کرینگے۔
اسی طرح پبلشر، پرنٹر اور مصنفین ،آئیندہ مخلتف کلاسوں کے مضامین پر لکھے جانے والے مسودات Manuscripts کے ریویو چارجز کے طور پر 3 ہزار روپے سے 12 ہزار روپے فی مسودہ ادا کرینگے۔
پبلشر، پرنٹر اور مصنفین ہر مسودے کے عوض 5 ہزار روپے ایپکس ایڈوائزری کمیٹی کے ہر ممبر کو ادا کرینگے۔
اسی طرح پبلشر، پرنٹر اور مصنفین ہر ٹیکسٹ بک کے این او سی اور کلئیرنس کے لئے 30ہزار روپے جبکہ ایس آر ایم کے عوض 20 روپے ادا کرینگے۔
جبکہ پبلشر، پرنٹر اور مصنفین ہر کتاب کی سالانہ تجدید پر ہر ٹیکسٹ بک کے عوض 15 ہزار روپے اور ہرایس آر ایم کی تجدید پر 10ہزار روپے بورڈ کو ادا کرینگے۔
واضح رہے کے قبل ازیں مسودات کے ریویو اور رجسٹریشن و غیرہ کے عوض یہ فیسیں انتہائی معمولی تھیں۔
تاہم یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے۔ پی سی ٹی بی ایکٹ 2015 میں مسودات کے ریویو، رجسٹریشن اور این او سی کی کسی قسم کی فیس مقرر نہیں کی گئی۔