لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال لاہور میں 2025 کی پہلی سات روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عظمی کاردار، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب، ایم ایس مزنگ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مصباح لیاقت اور پولیو ورکرز نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عظمی کاردار اور سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب نے معصوم بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسدادِ پولیو مہم کی منعقدہ تقریب کے شرکا ء سے اپنے خطاب میں کہاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے جائیں گی۔ پولیو ٹیموں کو ہر گھر پر دستک دینے کی تلقین کی گئی ہے۔ مہمان، نومولود بیمار بچوں کو بھی پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ مہم میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے دوران 2 لاکھ سے زیادہ پولیو ورکرز ڈیوٹی انجام دیں گے۔
مہم کے دوران ترجیحی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ مہم کا انعقاد پنجاب کے تمام اضلاع میں کیا جا رہا ہے۔ انسداد پولیو مہم کے دوران گزرگاہوں پر بھی قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم وائرس کے پھیلائوکو روکنے میں مدد گار ثابت ہو گی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ حکومت اور محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب نے کہاکہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران تمام بچوں کو کور کرنے کی کوشش کریں گے۔ عظمی کاردار نے کہاکہ پولیو مہم کی مانیٹرنگ کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔والدین پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔