لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ روزانہ 10لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کی خصوصی مہم کامیابی سے جاری ہے، پنجاب میں 18 ہزار ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، خصوصی ٹیمیں گھر گھر پہنچ رہی ہیں، شہری سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہری ویکسین لگوا کر شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو کورونا سے محفوظ بنائیں، شہریوں کو ان کی دہلیز پر کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم 12 نومبر تک جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کو کورونا کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے ویکسینیشن اور احتیاط ضروری ہے۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیمیں ہر محلے اور گاں میں جا کر مفت ویکسین لگا رہی ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہیں، عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لازمی لگوائیں۔